• news

نواز شریف حلف اٹھانے کے بعد مری پہنچ گئے، مریم نواز کی آمد بھی متوقع 

مری (نامہ نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے سربراہ وسابق وزیراعظم محمد نواز شریف قومی اسمبلی کے 16 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب میںبطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھانے کے بعد کشمیر پوائنٹ پر واقع اپنی نجی رہائش گاہ  پر پہنچ گئے۔ محمد نواز شریف ایکسپریس وے اسلام آباد سے مری پہنچے تو راستے میں ان کی اچانک آمد کے باوجود مقامی لوگوں اور سیاحوں نے ہاتھ ہلا کر ان کو خوش آمدید کہا۔ ذرائع کے مطابق محمد شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے اور ان کی حلف وفاداری لینے تک محمد نواز شریف کشمیر پوائنٹ مری میں اپنی رہائش گاہ پر ہی قیام کریں گے۔ قائد مسلم لیگ ن کی مری کے موقع پر سخت حفاطتی انتظامات  کئے گئے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا راولپنڈی کا ہنگامی دورہ کے بعد امکان ہے کہ وہ اپنے والد محمد نواز شریف کی مری میں موجودگی کے دوران کسی وقت بھی یہاں پہنچ سکتی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ مری نے ان کی متوقع آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں جبکہ تحصیل ہیڈکواٹرہسپتال مری اور دیگر سرکاری اداروں کی صفائی، افسران اورذمہ داران کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اچانک ہسپتال یا کسی بھی سرکاری ادارے میں پہنچتی ہیں تو وہاں پر صفائی سمیت دیگر انتظامات تسلی بخش ہو۔

ای پیپر-دی نیشن