• news

اڈیالہ جیل، ہائی سکیورٹی زون میں ذہنی مریض نے ساتھی قیدی کو اینٹیں مار کر مار ڈالا

راولپنڈی+لاہور( اپنے سٹاف رپورٹر سے+خبرنگار )   سنٹرل جیل راولپنڈی میں ذہنی مریض قیدیوں کیلئے مختص وارڈ کے ایک سیل جس میں پانچ عادی منشیات قیدی بند تھے اْن میں سے ایک ذہنی مریض منشیات کیس کے حوالاتی احسن ولد عبدالمجید نے سیل میں بند سوئے ہوئے دیگر ذہنی مریض حوالاتیوں پر نصف شب کے بعد ٹوائلٹ کی دیوار سے اینٹ اکھاڑ کرحملہ کردیا اور اینٹ سے وار کرکے زخمی کردیا۔ ڈیوٹی پر مامور ملازمین نے فوری کاروائی کرتے ہوئے زخمی ذہنی مریض حوالاتی اعجاز ربانی ولد غلام ربانی ، شیراز احمد ولد فاروق احمد اور حماد علی ولد گلفراز کو فوری طبی امداد کیلئے  بیرون جیل ہسپتال شفٹ کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔ ہسپتال میں  ایک قیدی اعجاز ربانی ولد غلام ربانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہوگیا جبکہ دیگر دو اسیران کا علاج معالجہ جاری ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کے حکم پر ڈی آئی جی راولپنڈی ریجن رانا راؤف اپنی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ واقعہ کی تفصیلی انکوائری کر رہے ہیں ، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اگر کسی افسر یا اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی تو اْن کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن