• news

سائفر کیس، اگر ٹرائل کورٹ نے غلطی تو ہم ٹھیک کریں گے: جسٹس عامر  

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔ وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ پہلے شاہ محمود قریشی کی سزا معطلی کی درخواست نہیں تھی، آج آئی۔ جس پر عدالت نے شاہ محمود قریشی کی سزا معطلی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹرز کے لیے درخواست دی گئی ہے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اس کیس میں نوٹسز ہوگئے ہیں، آپ اپنے نوٹس لے آئیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے بتایا ہے مگر پراسیکیوشن کا معاملہ زیر التوا ہے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ ہم نے نوٹس کیا ہے، باقی پراسیکیوشن کی تعیناتی ہمارا مسئلہ نہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ 2 کیسز میں اپیلیں ہیں، پہلے کس اپیل کو سن لیں؟۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ  نے کہا کہ  توشہ خانہ کیس میں اپیل پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا آئی ہے، آپ دونوں ملکر فیصلہ کریں کہ ہم نے پہلے کس کیس کو سننا ہے۔ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ سائفر کیس میں 25 گواہوں کو پیش کیا اور راتوں رات بیانات قلمبند کرائے گئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے اگر کوئی غلطی کی ہے، ہم ٹھیک کریں گے۔ چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ ہم ایک تاریخ دے رہے ہیں، پراسیکیوٹر ہو یا نہ ہو ہم کیس سن لیں گے۔ بعد ازاں، عدالت نے سائفر اپیلوں پر سماعت ملتوی کرنے کی ڈپٹی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کر لی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر 5 مارچ تک سماعت ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ تحائف ریفرنس میں سزا کے خلاف بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی اپیلوں پر سماعت 5 مارچ بروز منگل تک ملتوی کردی ہے۔ (نیب) کے وکیل نے بتایا کہ اس کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر امجد پرویز ہیں لیکن وہ آج دستیاب نہیں ہیں،  چیف جسٹس ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کو ہم پھر اگلے ہفتے کے لیے رکھتے ہیں۔ نیب کی جانب سے لمبی تاریخ دینے کی استدعا پر جسٹس عامر فاروق نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ہم نے کرنا ہے آپ نے نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن