• news

آئی ایم ایف کو خط ملک دشمنی، نوازشریف: جان بوجھ کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش، شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ قائد (ن) لیگ نواز شریف قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لیے پارلیمنٹ پہنچے تو اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے متعلق سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایسا خط وہ لکھ سکتے ہیں، یہ ان کا وطیرہ ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی۔ کیا یہ ملک دشمنی نہیں۔ آپ خود ہی نتیجہ اخذ کرلیں۔ نواز شریف نے کہا  طویل جلا وطنی کے بعد قومی اسمبلی میں واپسی پر جذباتی کیفیت ہے، اپنے گھر واپسی اور پارلیمنٹ میں حلف اٹھانے پر بے حد خوشی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس وقت سب کو مل کر ملک اور قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔  نواز شریف نے جذباتی انداز میں کہا کہ ایک طویل عرصے کی جلا وطنی کے بعد اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھانا میرے لیے باعث مسرت ہے۔ یہ موقع میرے لیے خوشی اور جذباتی کیفیت کا ہے، میں ملک و قوم کی خدمت کیلئے پر عزم ہوں۔ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کریں گے۔ دریں اثناء صدر مسلم لیگ (ن) اور نامزد وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے، یہ خط جان بوجھ کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش ہے۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنا پاکستان کی معیشت اور عوام کا گلا گھونٹے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں حلف برداری کی تقریب کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں شہباز شریف نے کہا یہ خط وہی لکھ سکتے ہی جن کا وطیرہ صرف ملک دشمنی ہو۔ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ ملک مزید تباہی کا شکار ہو۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنا انتہائی قابل مذمت اور وطن سے غداری کے مترادف ہے۔ یہ خط سائفر کے بعد ملک کیلئے ایک اور بڑا دھچکا ہے۔ میاں شہباز شریف نے مزید کہا تحریک انصاف کے خط کی وجہ سے آئی ایم ایف اور عالمی اداروں کا پاکستان پر دباؤ بڑھے گا اور ملک کو نقصان ہوگا۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے اس بار ملک اور قوم سے دشمنی کی حد کر دی ہے۔ آج آئی ایم ایف پاکستان کو مطلوبہ رقم نہیں مہیا کرتا تو غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے۔ ملک میں غربت بڑھے گی۔ یہ اقدام کسی بھی طور پر دانشمندانہ نہیں۔ ملک مزید بحرانوں کی دلدل میں دھنس جائے گا۔ پاکستان کی سالمیت اور بقا کو نقصان پہنچانا کسی بھی طور پر قابل معافی نہیں۔ پی ٹی آئی قیادت کو اب ہوش کے ناخن لینے اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن