• news

امیر بالاج ٹیپو پر حملہ کیلئے 2 شوٹر شادی تقریب میں موجود تھے 

لاہور(نامہ نگار) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ امیر بالاج ٹیپو پر حملہ کرنے کے لئے دو شوٹر شادی کی تقریب میں موجود تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ  امیر بالاج ٹیپو پر حملہ کے لئے آنے والا دوسرا حملہ آور بھی پکڑا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت ایاز کے نام سے ہوئی ہے۔ ایاز نامی ملزم وقوعہ کے روز مارے جانے والے حملہ آور مظفرکے ساتھ شادی کی تقریب میں پہنچا تھا۔ دونوں حملہ آوروں کو ملک سہیل اور علی نامی شخص شادی کی تقریب میں چھوڑ کر گئے تھے۔ اب تک کی تفتیش کے مطابق امیر بالاج ٹیپو کے قریبی دوست احسن شاہ نے طیفی بٹ کو بالاج کی ریکی اور مخبری کی تھی۔ کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد امیر بالاج ٹیپو کے گھر کے افراد کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش کے لیے 2 رکنی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش کے لیے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کی جانب سے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔ جے آئی ٹی کے سربراہ آفتاب پھلروان اور ڈاکٹر مستنصر عطاء ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک امیر بالاج ٹیپو کے قریبی ساتھی احسن شاہ سمیت 5 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن