• news

آرمی چیف کی ہدایت پر آئی جی ایف سی کی شہید ایس پی کے اہل خانہ سے ملاقات

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی خصوصی ہدایات پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پی کے  نارتھ، میجر جنرل نور ولی خان، مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے ایس پی اعجاز خان کے گھر گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئی جی ایف سی نے شہید کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ شہید کے اہل خانہ کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید ایس پی اعجاز خان ایک دلیر اور محب وطن پولیس افسر تھے۔ وہ دہشتگردوں کے خلاف بڑے متحرک رہے اور وطن عزیز سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اپنی جان قربان کی۔ پاک فوج شہید ایس پی اعجاز خان کی بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ آئی جی ایف سی نے پاک فوج کی جانب سے شہید ایس پی اعجاز خان کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا۔ بعدازاں، آئی جی ایف سی نے ریجنل پولیس آفس مردان کا دورہ کیا اور 27 فروری 2024 کو مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا خیبرپی کے  کی پولیس کئی برس سے پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے سرگرم عمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن