• news

ظل شاہ قتل، جلاؤگھیراؤ سمیت 4 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) لاہور کی انسدادی دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ظل شاہ قتل کیس زمان پارک جلاؤ گھیراؤ سمیت چار مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ دیا۔ عدالت نے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف دو مقدمات تھانہ ریس کورس، ایک نصیر آباد اور ایک مقدمہ ماڈل ٹاؤن پولیس سٹیشن میں درج ہے۔  9 مئی کیسز پر سماعت کے دوران سپیشل پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔  انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی جلائوگھیرائوکے مختلف 7 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔  دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر رانا شکیل نے پرائم منسٹر ہائوس جلانے کے کیس میں اپنے دلائل مکمل کر لیے، جس میں انہوں نے کہا  بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم ہے۔ گواہوں کے بیانات موجود ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں کو فوجی تنصیبات جلانے کا کہا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے یاسمین راشد کو ضمانت  کے عوض پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن