• news

توہین عدالت: ڈی سی اسلام آباد 6 ماہ، ایس ایس پی کو 4 ماہ قید

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنانے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سزاؤں کو ایک ماہ کے لیے معطل کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کا موقع دیا اور  کہا کہ وزیراعظم تحقیقات کرائیں کیا ڈپٹی کمشنرز نے کسی غیر قانونی حکم کی بنیاد پر ایم پی او آرڈرز کو شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال اور عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کے لیے استعمال کیا؟۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ، ایس ایس پی آپریشنز فاروق بٹر کو 4 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ مارگلہ ناصر منظور کو 2 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ایس پی فاروق بٹر کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ڈسچارج کر دیا۔ عدالت نے سزائیں مختصر ہونے پر 30 روز کے لیے معطل کر دیں اور ڈویژن بینچ کے سامنے انٹراکورٹ اپیل دائر کرنے کا موقع دیا۔ آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر اپیل میں سزا معطل نا ہوئی تو 30 روز مکمل ہونے پر ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل بھجوایا جائے۔ عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیراعظم کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے لکھا اس بات کی تحقیقات کی ضرورت ہے  کیا ایم پی او کے تحت نظربندی احکامات کے لیے کوئی پالیسی موجود تھی؟۔

ای پیپر-دی نیشن