ہر محلے، آبادی کا ڈیجیٹل ریکارڈ بنے گا، رمضان پیکج ووٹ نہ دینے والوں کو بھی ملے گا: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جنہوں نے ووٹ نہیں دیا وہ بھی انسان ہیں، غریب بھی ہیں، رمضان پیکج ان کا بھی حق ہے۔ رمضان پیکج سب کو ملے گا۔ سوال اٹھانے والے اور تنقید کرنے والے کریں گے، سیاسی حکومت پر الزام تراشی بہت آسان ہے۔ میرا کوئی فیورٹ نہیں، اللہ تعالی کو جوابدہ ہوں اور اس کے بعد عوام کو جوابدہ ہوں۔ ہر لیول پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے، کرپشن کا داغ برداشت نہیں ہو گا۔ رمضان پیکج کی ترسیل کے تمام مراحل شفافیت کے ساتھ سرانجام دئیے جائیں۔ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان پیکج کی تیاری اور ترسیل کے طریقہ کار کے بارے میں تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے رمضان بازار میں شفافیت اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیا۔ رمضان پیکج میں اشیاء خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کے معیار اور مقدار کو یقینی بنانے کیلئے ضروری کارروائی یقینی بنائی جائے۔ رمضان پیکج کی تقسیم کے لئے جہاں جہاں جا سکی میں خود بھی وزٹ کروں گی۔ تقسیم کے وقت بغیر اطلاع کئے سرپرائز وزٹ کروں گی۔ ہر ضلع کی کارکردگی کا سکور کارڈ سے تعین ہو گا، تمام اضلاع کا آپس میں مقابلہ ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر اپنے متعلقہ اضلاع میں ہر روز چیکنگ کریں، دورے کریں اور رپورٹ دیں۔ رمضان پیکج کی تقسیم کے مکمل پراسیس کی ویڈیوز بنائی جائیں، مجھے اور چیف سیکرٹری کے دفتر میں بھجوائی جائے۔ پیکج کی شفاف تقسیم کے لئے سب نے سرپرائز چیکنگ کرنی ہے۔ رمضان پیکج کی چیکنگ 3مراحل میں ہو گی۔ انتظامیہ کے تقسیم کے لئے مقرر کردہ جگہوں پر وزٹ سے تقسیم کرنے والی ٹیموں کو احساس ہو گا کہ ہماری مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔ رمضان پیکج کی تقسیم کے وقت مقرر کردہ جگہ پر پولیس اہلکاروں کی موجودگی لازم ہے تاکہ ناخواشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ رمضان پیکج کی تقسیم کے وقت اگر پولیس کے بغیر جائیں گے تو بدنظمی پھیلے گی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینے میں مجھے پورے پنجاب کی صفائی چاہیے، چاہے وہ شہری علاقہ ہو یا دیہاتی۔ چیک کروانے کے طریقے جانتی ہوں، صفائی چیک کروں گی۔ کوئی سڑک، محلہ، گلی، گاؤں اور گراؤنڈ ایسی نہ رہے جہاں صفائی نہ ہو، یہ میری سختی سے ہدایت ہے۔ تمام اضلاع کا صفائی کے معاملے میں آپس میں مقابلہ ہے۔ وال چاکنگ وائٹ واش کے ذریعے ختم کی جائے۔ الیکشن پوسٹرز اور بینرز اتروائیں اور صفائی کرائیں۔ صفائی صرف نام کی نہ ہو بلکہ حقیقی طور پر ہونی چاہیے۔ خراب سیوریج اور ڈرینج کے مسائل حل کریں۔ سڑکوں پر کھڈے اور گڑھے ختم کئے جائیں تاکہ خوبصورتی بحال ہو۔ 3دن بعد ہنگامی دورے شروع کر دوں گی، لاہور کی کسی گلی میں گڑھے نظر نہ آئیں۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں ہر محلے، ہر آبادی کا ڈیجیٹل ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے تحت کل آبادی کا درست شمار مرتب ہوگا جس سے کمزور طبقات کی تعداد، مقام، رابطہ اور ایڈریس محفوظ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں مریم اورنگزیب کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیکنیکل ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا۔ پنجاب ڈیجیٹل ڈیٹا بینک کی بنیاد پر صوبے بھر میں تعلیم، صحت اور ترقی کے منصوبے بنائے جائیں گے۔ تمام آبادی میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے گی۔ ڈیجیٹل ڈیٹا بینک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کی نگرانی اور مستحقین کو مالی مدد کی براہ راست فراہمی کے شفاف نظام کے طور پر کام کرے گا۔ پنچاب میں کسی دوسرے علاقے سے آکر رہائش اختیار کرنے والوں کی معلومات بھی جمع ہوں گی۔ پاپولیشن ڈیٹا جمع کرنے سے قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیاں بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی۔ برٹش ہائی کمشن لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج بھی موجود تھیں۔ جین میری ایٹ نے مریم نواز کو پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پنجاب کے طلباء کے لئے اعلیٰ برطانوی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ بڑھانے، گرلز ایجوکیشن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے ایئر کوالٹی انڈیکس ٹیکنالوجی کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے دکانوں کے سامنے سامان رکھنے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیا ہے اور سامان ہٹانے کیلئے انتظامیہ کو ایک ماہ کی مہلت دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ راستوں، بازاروں میں ٹریفک بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور دکاندار سامان اپنی دکانوں کی حدوں میں رکھیں۔ شہریوں نے وزیر اعلی مریم نواز سے شکایت کی کہ دکانداروں نے سامان باہر رکھا ہوا ہے، ٹھیلے اور ریڑھی والوں کے تجاوزات کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت شدید مشکلات ہیں۔ تجاوزات کی وجہ سے آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یقینی بنائیں کہ ریڑھی بان متعین جگہوں پر ٹھیلے لگائیں تاکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو تکلیف نہ ہو۔ مریم نواز نے سرگودھا میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز سرگودھا میں ملازمہ پر مبینہ تشدد کے بعد قتل کے واقعہ کی انسپکٹر جنرل پولیس سے فوراً رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز نے کہا کسی قسم کے تشدد کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کینال روڈ پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار کے زخمی ہونے کا واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے پابندی کے باوجود پتنگ بازی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کمالیہ میں بارش کی وجہ چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔