وزیراعظم کا انتخاب کل، صدر 9، سینٹ کی خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا: الیکشن کمشن، شیڈول جاری
اسلام آباد (وقائع نگار+ نمائندہ خصوصی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے صدارتی الیکشن 9 مارچ کو کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ الیکشن کمشن نے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کل دن 12 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی سکرونٹی کا عمل 4 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 5 مارچ کو واپس لیے جاسکتے ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 6 مارچ کو شائع کی جائے گی۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سینٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا۔ سینٹ کی خالی ہونے والی نشستوں میں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبد الغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کی نشستیں شامل ہیں۔ سینٹ کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی 2 سے 3 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی فہرست 3 مارچ کو آویزاں کی جائے گی جبکہ جانچ پڑتال 5 مارچ کو ہوگی۔ دریں اثنا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب کل اتوار 3 مارچ کو ہوگا۔ وزیراعظم کے عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی ہفتہ 2 مارچ دن دو بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج دن 3 بجے تک عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوگا۔ اتحاد ی جماعتوں کی طر ف سے ملک کی صدا رت کیلئے نا مزد امید وا ر آصف علی زردا ری کے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جا ئیں گے۔