• news

جہاں ن لیگ سے معاہدہ نہیں وہاں متحدہ کو گورنر شپ کا موقع ملے گا: بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جہاں جہاں مسلم لیگ (ن) سے بات نہیں ہوئی اور معاہدہ نہیں ہوا تو وہاں متحدہ قومی موومنٹ کو موقع ملے گا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں صحافی نے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے پیپلز پارٹی کو کامران ٹیسوری کے گورنر سندھ ہونے پر اعتراضات ہیں؟۔ اس پر بلاول نے جواب دیا کہ ہماری کسی ایک شخص سے متعلق ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سے ہماری بات چیت فائنل ہوئی ہے کہ کہاں کہاں گورنرز فائنل ہوں گے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں (ن) لیگ سے بات نہیں ہوئی اور معاہدہ نہیں ہوا وہاں ایم کیو ایم کو موقع مل جائے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان سمیت پوری قوم کو یوم بلوچ ثقافت کی مبارک باد پیش کی۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے لیے اپنے بلوچ بھائیوں اور ہنوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ دے کر یہ پُرمسرت موقع منانا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے ہر خطے کے ثقافتی تشخص کے فروغ اور تحفظ کے لئے پُرعزم ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شہباز بھٹی کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کا ہے کہ آج ہمارے اس عظیم جیالے کا 13 واں یوم شہادت ہے جنہوں نے مذہبی رواداری اقلیتوں کے حقوق اور پارٹی کے اصولوں کی پاسداری کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن