پنجاب گھڑ سوار پولیس فورس‘ بینڈ سٹاف کی تشکیل کو حتمی شکل دینے کافیصلہ
لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی صدارت میں سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں پولیس فیلڈ فارمیشنز کی ورکنگ سے متعلقہ انتظامی اور پیشہ ورانہ امور زیر غور آئے جبکہ سینئر افسران نے انتظامی و پالیسی امور بارے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پنجاب گھڑ سوار پولیس فورس،ٹیلی کمیونیکیشن ونگ میں بینڈ سٹاف کی تشکیل، ویلفیئر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مختلف ترقیاتی پراجیکٹس، فورس کی ویلفیئر پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دے کر آئندہ اجلاس میں فیصلہ سازی کیلئے پیش کیا جائے۔ سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل پراجیکٹس کوذاتی نگرانی میں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کروائیں۔