• news

حکومت جعلی ہے، استحکام کیلئے ادارے آئین، حلف کی پاسداری کریں: سراج الحق  

لاہور (خصوصی نامہ نگار)  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں استحکام لانا ہے تو ادارے آئین اور حلف کی پاسداری کریں۔ بندوق، ڈنڈے کے زور اور جادو کی چھڑی سے بہتری نہیں آئے گی، عوام کا فیصلہ قبول کرنا ہوگا۔ جعلی الیکشن اور جعلی نتائج کے بعد بننے والی حکومت بھی جعلی ہے، نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ نہیں، ایک دوسرے کو مبارکباد بھی نہیں دے سکتے، سب کو حقیقت کا ادارک ہے، آزاد عدالتی کمیشن کے ذریعے الیکشن آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، مسئلہ جیت ہارکا نہیں، ووٹ کے تقدس کی پامالی کا ہے۔ منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے انتخابی نشان، جھنڈے اور منشور پر الیکشن لڑا، ہمارے کارکنان نے لوگوں کو اللہ کے دین کی طرف بلایا، مومن کے لیے محض دنیاوی کامیابی آخری معیار نہیں،  ہمارے حوصلے بلند ہیں، منزل انشاء اللہ خود ہمیں پکارے گی۔  انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا مکان، نیا پاکستان اور ملک کو ایشین ٹائیگر بنانے کے نعرے لگانے والوں سے پہلے کوئی بہتری آئی نہ یہ لوگ اب کچھ اچھا کرسکتے ہیں، یہ آئی ایم ایف کے غلام ہیں، ان کی حکومتیں مزید مہنگائی مسلط کرے گی، انہوں نے آنے سے پہلے ہی آئی ایم ایف سے قرضوں کی بھیک مانگنا شروع کردی۔

ای پیپر-دی نیشن