سرگودھا میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ مالکان کے مبینہ تشدد سے جاں بحق
سرگودھا(نیٹ نیوز) سرگودھا میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ مالکان کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق سرگودھا کے نواحی گاؤں 84 جنوبی میں 12 سالہ عائشہ زمیندار جواد بھٹی کے گھر میں ملازمہ تھی جسے زمیندار اور اس کی اہلیہ نے لوہے کے راڈ اور ڈنڈے مار کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کردیا۔ قتل کرنے کے بعد ملزموں نے عائشہ کے اہل خانہ کو فون کیا آپ کی بچی کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے اور وہ زخمی ہے، اہل خانہ جب موقع پر پہنچے تو انہیں پتہ چلا بچی کو تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے تو جواد بھٹی اپنی اہلیہ سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے گھریلو ملازمہ کے والد کی مدعیت میں ملزم جواد بھٹی اور اس کی اہلیہ کے خلاف تھانہ لکسیاں میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔