بھارت کی جانب سے تجارتی سامان قبضے میں لینا قابل مذمت ہے،پاکستان
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے تجارتی سامان قبضے میں لینے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر رد عمل دیدیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کراچی میں تجارتی ادارے کی طرف سے کمرشل لیتھ مشین کی درآمد کا ایک سادہ معاملہ ہے۔ترجمان نے کہا یہ ادارہ پاکستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو پرزے فراہم کرتا ہے۔ یہ آلات واضح طور پر اس کے تجارتی استعمال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تمام لین دین متعلقہ دستاویزات کیساتھ شفاف بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا پاکستان نے بھارت کی جانب سے تجارتی سامان کو ضبط کرنے کی مذمت کی ہے، ایسی کارروائیاں بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔