• news

رمضان المبارک: یوٹیلیٹی سٹورز نے 20 ہزار میٹرک ٹن چینی خرید لی، مارکیٹ میں بیسن، چینی مہنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے رمضان المبارک سے قبل 20 ہزار میٹرک ٹن چینی خرید لی۔ ذرائع نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز نے 142 روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی خریداری کی۔ اخراجات ملا کر فی کلو چینی تقریباً 155 روپے میں پڑے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے رمضان میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا۔ نئی خریدی گئی چینی کو ملا کر یوٹیلٹی سٹورز کے پاس چینی کا سٹاک 40 ہزار میٹرک ٹن کے قریب پہنچ گیا ہے۔ علاوہ ازیں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی طلب میں اضافے کے باعث مارکیٹوں میں بیسن، کھجور اور چینی کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ میڈیا رپوٹس کے مطابق رمضان المبارک کی آمد کے باعث بیسن، کھجور اور چینی کی قیمتوں میں 150روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ پشاور سمیت متعدد شہروں میں بیسن 100روپے اضافہ کے ساتھ دو سوروپے سے 3سوروپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 150روپے فی کلو جبکہ پرچون  میں 160 روپے فی کلو ہوگئی ہے، اس طرح مختلف قسم کی کھجوروں کی قیمت بھی تین سو سے چار سو روپے کلو اضافہ ہوا ہے۔ ہول سیل مارکیٹ غلہ منڈی میں رمضان کی آمد سے چند روز قبل ایرانی کھجور کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوگیا ہے۔4 ہزار روپے اضافے کے بعد منڈی میں کھجور 12 ہزار سے بڑھ کر16 ہزار روپے فی من ہوگئی۔ آڑھتیوں کے مطابق15 شعبان سے15 رمضان تک کھجور کی ذخیرہ اندوزی ہوتی ہے۔ ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے کھجور مارکیٹ میں شارٹ ہے اور مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن