• news

لاہور سمیت مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس کا کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار

لاہور+ اسلام آباد + راولپنڈی +کراچی ( نمائندگان + نامہ نگاران+  اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ) انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے متعدد اراکین کو گرفتار کر لیا گیا۔لاہور میں شاہدرہ چوک ، جی پی او چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج پر پولیس نے پکڑ دھکڑ شروع کر دی، جبکہ لاٹھی چارج کی بھی اطلاعات ہیں ۔پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں شہزاد فاروق اور حافظ ذیشان ، محمد قاسم کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پی ٹی آئی ورکرز راؤ محمد قاسم کی قیادت میں احتجاج کر رہے تھے۔ پولیس راؤ قاسم کو دھکیلتے ہوئے گاڑی میں ڈال کر لے گئی۔پی ٹی آئی ایڈووکیٹ فاروق باجوہ کو گرفتار اور کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی ریلی پیرو دھائی سے آئی جے پی روڈ سے ہوتی ہوئی اسلام آباد میں داخل ہو گی۔ مختلف حلقوں کے امیدوار، پی ٹی آئی کارکنان اور ضلع راولپنڈی کی قیادت لیاقت باغ پہنچے، کارکنان نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف نعرے لگائے۔لیاقت باغ مری روڈ پر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ۔ لیاقت باغ احتجاجی مظاہرہ اور ریلی میں پی ٹی آئی کے ایم این اے شیرافضل مروت کی قیادت میں احتجاجی ریلی اسلام آباد روانہ ہونے کا اعلان کیا ، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر، سابق امیدواروں سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض سمیت دیگر نے شرکت کی۔ دوسری طرف پولیس ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ شہر کے داخلی پوائنٹس پر ناکہ بندی ، چیکنگ سخت کر دی گئی ہے ، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سی ٹی ڈی کے خصوصی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں ، شہریوں کو دوران سفر شناختی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ علاوہ ازیں بہاولپور، گجرات، گوجرانوالہ، چشتیاں، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، سکھر ، بدین، ٹھٹھہ ، عمر کوٹ اور لکی مروت میں بھی حتجاج کیا گیا، کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا ۔ علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پرتحریک انصاف نے ’’مینڈیٹ چوری‘‘ کیخلاف پریس کلب شیخوپورہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں اراکین صوبائی اسمبلی چودھری اویس عمر ورک ،چودھری وقاص محمود مان سمیت صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میاں علی بشیر ایڈووکیٹ،سٹی صدر میاںافضال حیدر ، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری محمدسعید ورک ، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد شبیر گادھی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر قیصر شہزاد، مرزا افضل بیگ، وقاص رامے ، خواتین ونگ کی جمیلہ یونس، شکیلہ ارشد سمیت کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔شیخوپورہ میں سٹی صدر میاںافضال نے ’’مینڈیٹ چوری ‘‘ کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ میں بہت بڑی ریلی کی شکل میں شرکت کی ریلی سٹی سیکرٹریٹ صدر چوک سے شروع ہوئی جس میں چودھری محمدشبیر گادھی ، مرزا فضل بیگ ، ملک آصف علی ، ڈاکٹر شہزاد احمد، میاں بلال ریاض ،ایاز خان سمیت دیگر کی بڑی تعداد ہمراہ تھی ۔ 

ای پیپر-دی نیشن