مفت ادویات، ہیلتھ سسٹم میں اصلاحات کی منظوری، ہر شہری کیلئے بہتر سہولتیں میرا عزم: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل خصوصی اجلاس میں ہیلتھ سسٹم کی تشکیل نو، محکمہ صحت کی اپ گریڈیشن کے پانچ سالہ پلان پر غور اور سسٹم کی اصلاح کا جائزہ لیا گیا۔ دیہی اور رورل مراکز صحت، ڈسپنسریوں کے انتظام کی بہتری کیلئے تجاویز، ماں اور بچے کی صحت اور ان کے لئے معیاری علاج سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کوئی ہسپتال ایسا نہ ہو جہاں ڈاکٹر، عملہ، ادویات اور مطلوبہ طبی آلات میسر نہ ہوں۔ مریم نواز نے شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کا حکم دیا۔ ہیلتھ ایڈوائزری کونسل میں سرکاری حکام، پروفیشنلز اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے۔ وزیراعلی نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی کا پلان طلب کر لیا۔ مریم نواز شریف نے ہسپتالوں میں عوام کی رہنمائی کے لئے اردو سائن بورڈز اور فرشی ایرو لائننگ لگانے کی ہدایت کی اورعوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی منظوری بھی دے دی۔ ہر ضلع میں ہارٹ، کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے میڈیکل سنٹرکے قیام کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے صحت کی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا۔ فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کے تحت سب اربن ایریا اور دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجیں جائیں گے۔ عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر دینے کے لئے پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہسپتالوں کو عوامی ضروریات کا تعین کر کے طبی آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ نومولود بچوں کے لئے انکوبیٹر کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے لئے علاج کی بہتر سہولتیں یقینی بنانا میرا عزم ہے۔ بورڈ آف مینجمنٹ میں میرٹ پر بہترین پروفیشنل اور ٹیکنیکل ممبر شامل کئے جائیں گے۔ ہر ہسپتال میں خالصتا میرٹ پر ایم ایس لگائے جائیں گے۔ کرپشن پر زیر و ٹالرنس ہے۔ غریب آدمی کو کینسر کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں اور بہنوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ بلوچستان خوبصورت لوگوں کی خوبصورت دھرتی ہے۔ دوسری جانب ’’صاف ستھرا پنجاب‘‘ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر مہم کا بھرپور آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ نے تمام مقامی حکومتوں اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق ایک ماہ میں پورے پنجاب کی صفائی ستھرائی کر دی جائے گی۔ مریم نواز نے پنجاب کے مختلف شہروں میں پتنگ بازی اور ڈور سے زخمی ہونے کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب اور متعلقہ شہروں کی ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ شیخوپورہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈور پھرنے سے پے درپے واقعات پر وزیراعلی مریم نواز نے وضاحت طلب کی۔