علی امین گنڈا پور، سرفراز بگٹی نے حلف اٹھا لیا: مفاہمت کی سیاست ضرورت: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ ؍ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ نیٹ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرفرار بگٹی 41 ارکان کے ووٹ حاصل کر کے بلوچستان کے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔ چالیس منٹ تاخیر کے بعد شروع ہونے والے اجلاس کی صدارت نومنتخب سپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کی۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے ایوان کے دروازے بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے لئے صرف سرفراز بگٹی کے کاغذات جمع کرائے گئے۔ سرفراز بگٹی پر 65 کے ایوان میں اتحادی جماعتوں کے 41 ارکان نے اعتماد کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے عبدالمجید بادینی اور حق دو تحریک کے مالکان ہدایت الرحمن نے سرفراز بگٹی کے حق میں ووٹ دے دیا۔ جے یو آئی اور نیشنل پارٹی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بعد ازاں نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان اسمبلی سرفراز بگٹی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ بلاول بھٹو ارکان صوبائی و قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پیپلز پارٹی ہی بچا سکتی ہے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونا ایک اچھی روایت ہے، یہاں بیٹھے تمام لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ پاکستان کی ضرورت مفاہمت کی سیاست ہے، بلوچستان بڑے چیلنجزکا سامنا کر رہا ہے، پیپلز پارٹی نے ہی پاکستان کو آئین دیا، آئندہ بھی پیپلز پارٹی پاکستان کی خدمت کرے گی۔ تعلیمی سیکٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد تمام ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ مِل کر گورننس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔ نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پہاڑوں پر بیٹھے لوگ مرکزی دھارے کا حصہ بنیں، پہاڑوں پر موجود نوجوان واپس آئیں۔ ہم بلوچستان کے یوتھ کو دنیا میں ایکسپورٹ کریں گے۔ ہم نے اپنا ریونیو بڑھانا ہے، کب تک کشکول لے کر پھرتے رہیں گے۔ بلوچستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔ حقوق بندوق سے نہیں پارلیمان سے ملیں گے، آئین کی حدود میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں۔ وفاق کے ساتھ ہمارے مسائل ضرور ہیں لیکن ہم بات چیت سے ان مسائل کو حل کریں گے۔ خیبر پی کے نو منتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی، جس میں سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں اور سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ گنجائش سے زیادہ مہمان آنے پر نشستیں کم پڑ گئیں۔ گورنر کے پی غلام محمد نے نومنتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے حلف لیا۔ نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا فیصلہ عمران خان کریں گے، کابینہ سے متعلق پیر کے روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی گورنر ہاؤس پہنچی، اس دوران بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پی پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل ہوئی، مہمانوں کی کرسیوں پر کارکنوں نے قبضہ کر لیا۔ دریں اثناء علی امین گنڈا پور میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی۔ علی امین گنڈا پور نے نگران دور حکومت میں بھرتیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے چیف سیکرٹری خیبر پی کو خط میں کہا ہے کہ فروری 2023ء سے 29 فروری 2024ء تک کی گئی بھرتیوں کی تفصیلات دی جائیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کرنے والوں میں بابر اعوان اور اعظم سواتی شامل تھے۔ خیبر پی کے علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ ہفتے کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں بند رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اسمبلی خطاب میں عوام کی خدمت کا وعدہ کیا انہوں نے کہا کہ گورننس، دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں، شہریوں کی جان اور صوبے کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے سب سے بات چیت کیلئے تیار ہیں شہریوں کی جانوں کا تحفظ کریں گے۔ شر پسندوں کے خلاف ریاستی رٹ قائم کریں گے، مفاہمت کی سیاست ملک کی ضرورت ہے، صرف پی پی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ کوئی دہشتگردی کا راستہ نہیں چھوڑے گا تو قانون اپنا راستہ لے گا۔ بندوق کے زور پر کوئی کسی کو انصاف نہیں دے سکتا، اپنے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، مولانا ہدایت سے ملکر گوادر سے اپنی نکالیں گے۔ لوگوں کو ریلیف دیں گے، سرفراز بگٹی نے جئے بھٹو کا نعرہ لگایا۔ تقریب حلف برداری میں کرسیاں کم پڑ گئیں، متعدد شرکاء کھڑے رہے۔