• news

مہ ناز آفرین اے پی این ایس کی صدر، سرمد علی سیکرٹری جنرل منتخب

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس نے متفقہ طور پر مہ ناز آفرین سہگل لاکھانی صدر، امتنان شاہد سینئر نائب صدر، محمد اسلم قاضی نائب صدر، سرمد علی سیکرٹری جنرل، ایس ایم منیر جیلانی جوائنٹ سیکرٹری اور شہاب زبیری کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا۔ سالانہ اجلاس ناز آفرین سہگل لاکھانی کی زیر صدارت اے پی این ایس ہاؤس کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں سال 2023-24ء کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سال 2023ء کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ جنرل کونسل میں پورے ملک  سے 116 ارکان نے شرکت کی جنرل کونسل نے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، زاہد حفیظ اور سید عرفان شاہ پر مشتمل ایک الیکشن کمشن تشکیل دیا۔ الیکشن کمشن نے سال 2024-25ء کی ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے الیکشن منعقد کرائے مندرجہ ذیل اخبارات اور جرائد بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ ڈیلی ٹائمز، روزنامہ دنیا، روزنامہ جنگ، روزنامہ خبریں، روزنامہ پاکستان لاہور، روزنامہ تجارت، روزنامہ اوصاف، روزنامہ نوائے وقت، روزنامہ عوام کوئٹہ، روزنامہ مشرق کوئٹہ، روزنامہ خدمت، روزنامہ مشرق پشاور، روزنامہ کلیم، روزنامہ کاوش، روزنامہ آفتاب ملتان، روزنامہ بزنس رپورٹ، روزنامہ پیغام، روزنامہ سٹی 42، روزنامہ پاکستان آبزرور، روزنامہ ہلچل، روزنامہ سیادت، ہفت روزہ عزم، ماہنامہ دستک، ماہنامہ نئے افق، ماہنامہ نیا رخ، ماہنامہ سنٹر لائن، پندرہ روزہ عبرت اور ہفت روزہ کھار، کراچی کی روزناموں کی  6 نشستوں پر 7 امیدوار ہونے کی بناء پر الیکشن کا فیصلہ کیا گیا۔ خفیہ رائے شماری کے نتیجہ میں درج ذیل اخبارات کامیاب قرار پائے۔ روزنامہ آغاز، روزنامہ بزنس ریکارڈر، روزنامہ ڈان، روزنامہ دیانت، روزنامہ جسارت اور روزنامہ جدت کراچی، مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر محترمہ زاہدہ عباسی روزنامہ نوسچ کراچی کو خواتین ناشرین کی نشست کیلئے منتخب کیا گیا۔ نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی نے الیکشن کمشن کو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے پرنٹ میڈیا کی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں، جس سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ شہباز شریف کے گزشتہ روز حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کئے گئے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔ جنرل کونسل کی ایک قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی گئی کہ اخباری صنعت کے طویل زیر التواء بقایا جات کی جلد ادائیگی کی جائے اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجراء پر پرنٹ میڈیا کا الگ حصہ مختص کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں اخباری صنعت زندہ  رہ سکے۔ ایک اور قرارداد میں پی آئی ڈی کی جانب سے 17 مطبوعات کو میڈیا لسٹ سے نکالنے کے یکطرفہ فیصلہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جس میں 11 اخبارات اے پی این ایس کے رکن ہیں۔ اے پی این ایس نے مذکورہ  فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے وزارت اطلاعات سے درخواست کی کہ وہ ان مطبوعات کی اشاعتوں کو فی الفور بحال کرے۔ شہباز شریف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے  الیکشن میں ناز آفرین سہگل لاکھانی کو بطور صدر اوردیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، شہباز شریف نے کہا کہ صحافت بلاشبہ ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہیں جو انتظامیہ اور عوام کے مابین ایک مؤثر رابطہ اور پل کا درجہ رکھتے ہیں۔ میں نے اپنے دور حکومت میں صحافت اور صحافیوں کو درپیش مسائل و چیلنجز کو حل کرنے میں متحرک کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن