• news

مریم نواز کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد پنجاب میں کام ہوتا نظر آ رہا: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان و رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کے وزیراعلی بننے کے بعد پنجاب میں کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ مریم نواز رسمی کارروائی برداشت نہیں کریں گی کیونکہ وہ انڈر ٹریننگ نہیں بلکہ ٹرینڈ وزیراعلی ہیں۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر چیک رکھنے کے لئے ایک نیا محکمہ تشکیل دیا جا رہا ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر تعلیم، صحت، کوڑا کرکٹ اٹھانے کی مہم سمیت ہر شعبے میں کام ہوتا نظر آ رہا ہے۔ پنجاب کے تمام محکمے مکمل کام کر رہے ہیں۔ ڈور پھرنے کا واقعہ ہو یا کسی خاتون پر تیزاب گردی کا واقعہ یا کسی ملازمہ پر تشدد ہو، مریم نواز کے لئے یہ ناقابل برداشت واقعات ہیں۔ ان واقعات کے میڈیا پر رپورٹ ہونے سے پہلے مریم نواز رپورٹ لے لیتی ہیں۔ ان واقعات کے ملزم گرفتار ہو چکے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل بدقسمتی سے مہنگائی کا ایک طوفان آتا ہے۔ 64 لاکھ خاندانوں کو ملکی تاریخ میں پہلی بار گھر کی دہلیز پر رمضان پیکٹ پہنچائے جائیں گے اور سستے رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔ 15 اضلاع میں پہلے ماڈل رمضان بازار نہیں ہوتے تھے، اب وہاں بھی یہ بازار لگائے جا رہے ہیں۔ بڑے اور پوش علاقوں میں تو صفائی ہو جاتی ہے لیکن غریب علاقوں اور دیہات میں صفائی نہیں ہوا کرتی تھی لیکن مریم نواز نے مکمل صفائی کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ اب روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا عمل جاری ہے۔یہ کام پہلے بھی ہو سکتے تھے، لیکن نہیں ہوئے کیونکہ ویژن نہیں تھا۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ اب صوبہ بھر میں خواتین کیخلاف تشدد کا بھی خاتمہ ہو گا۔ سیف سٹی اتھارٹی نے اس حوالے سے ایک نئی ایپ (Never again) بنا لی ہے جسے 8 مارچ کو وزیراعلی مریم نواز لانچ کرینگی۔ اب 15 پر آنے والی کالز کو بھی اس کے ساتھ اٹیچ کیا جائے گا، رسپانس ٹائم کو بھی کم سے کم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی کی ٹیم ہر لمحے پر متاثرہ خاتون سے رابطے میں ہو گی۔ وزیراعلی نے تجاوزات والوں کو بھی ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے لیکن کسی غریب کا رزق اٹھا دینا ہمارا مطمع نظر نہیں ہے۔ عظمٰی بخاری نے کہا کہ کوڑا ٹیکس کے حوالے سے ابھی تک تو کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن بہرحال ہمیں اس طرف جانا ہی ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن