فیصل آباد میں بسنت، فائرنگ، ڈور پھرنے سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) شہریوں نے خود ساختہ بسنت منانے کے دوران فیصل آباد پولیس کی حکمت عملی کو ہوا میں اڑا دیا۔ پولیس کی پکڑ دھکڑ کے دوران شہری پتنگ بازی کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔ فائرنگ اور ڈور پھرنے سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے شہری خودساختہ بسنت کے دوران شہر بھر میں بو کاٹا کے نعرے لگاتے رہے۔ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا رہا، شہری کھلے عام اندھا دھند ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جبکہ اس دوران پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری رہا، تھانہ غلام محمد آباد سے 25 سالہ اقبال گھر کی چھت پر کھڑا تھا کہ اسی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی اس کے سر کو چھو کر گزر گئی، تھانہ رضا آباد کے علاقہ اعظم آباد میں پتنگ بازوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر 14 سالہ قاسم شدید زخمی ہو گیا۔ تھانہ پیپلز کالونی کے علاقوں عوامی کالونی میں اٹھارہ سالہ عثمان گلے پر اور النجف کالونی میں سات سالہ عدن فاطمہ سر پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ راجہ چوک میں 10 سالہ ثاقب گلفشاں کالونی میں عثمان، چباں روڈ پر 12 سالہ حسنین، نصرت فتح علی خان انڈر پاس میں عاطف اور ضیاء ٹاؤن میں48 سالہ شخص کیمیکل ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے، متاثرہ افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔