کامونکی:ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہری مال و زر سے محروم
کامونکی(نمائندہ خصوصی) چوبیس گھنٹوں میں دس وارداتوں میں بارہ افرادکو لوٹ لیاگیا۔بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز کوٹ رفیق کا جاوید اختر عالمگیر روڈ پرچی سٹاپ کے قریب کھڑا تھا کار سوار چار افرادنے اْسے زبردستی ساتھ بٹھا لیااورجکڑکر چھ لاکھ بائیس ہزارروپے چھیننے کے بعد مریدکے کے قریب پھینک کرفرار ہوگئے۔محلہ حیدری کا محمد شریف جی ٹی روڈ امام بارگاہ کے قریب کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو اْس سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔نواحی گاؤں چنڈالہ کے وارث بھٹی سے عالمگیر روڈ کے قریب دو ڈاکو موبائل فون چھین کر لے گئے۔نانگرے بھٹی کا عامر شہزاد فیکٹری سے تنخواہ لیکر واپس آرہا تھا کہ ٹبہ محمد نگر میں دو ڈاکو پچیس ہزارروپے چھین کر فرار ہوگئے۔ٹبہ محمد نگر کا افتخاراحمد کے کریانہ سٹور میں گھس کر دو ڈاکو پچاس ہزارروپے اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔موضع کھنگوڑا کے عباس کا بیٹا عبداللہ اور اْسکا دوست فرحان کامونکی میں ٹیوشن پڑھ کر واپس جارہے تھے کہ راجہ بھلہ کے قریب تین ڈاکو پانچ ہزارروپے اور دوموبائل فون چھین کر لے گئے۔نواحی گاؤں چک لکھیا خورد کا کاشف منظور اور آفتاب موٹر سائیکل پر تھے سادھوکی کے قریب دو ڈاکو پچاس ہزارروپے اور دو موبائل فون چھین کرلے گئے۔نوشہرہ سانسی کا محمد عامر سے تین ڈاکو دس ہزارروپے،موبائل فون اور قیمتی کاغذات چھین کر لے گئے۔ایمن آباد کے عمران کے بیٹے سے گھر کے باہر ایک ڈاکو موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔جبکہ شریف پورہ کا شاہد محمود موٹر سائیکل پر جا رہا تھا جی ٹی روڈ چیانوالی کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکو 69ہزارروپے چھین کر فرار ہوگئے۔پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔