• news

شہباز شریف کی سپیڈ، محنت کی دنیا معترف، خدمت کے نئے دور کا آغاز ہو گا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو دوسری مرتبہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانیوں کو خادم مل گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی پیغام میں عوام کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف کی سربراہی میں آج سے پاکستان میں خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ قوم کے خادم اور نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونا خوشحالی و ترقی کی نوید لیکر آئے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کی سپیڈ، محنت، کارکردگی اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے۔ شہباز شریف کا ماضی گواہ ہے کہ وہ محنت، کارکردگی اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر شہباز شریف کا انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح ہے۔ پاکستان کے معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔ ’’عوام دوست وزیر اعلیٰ‘‘،  مریم نواز شریف نے فورٹ عباس کے احمد رضا کی خواہش پوری کردی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فورٹ عباس کے 20 سالہ معذور نوجوان کی سوشل میڈیا اپیل پر فوری ایکشن لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر چنڑ احمد رضا کے گھر گئے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے احمد رضا کو الیکٹرانک ویل چیئر اور تحائف پیش کیے گئے۔ احمد رضا کی خواہش پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ویڈیو کال پر بات کروائی گئی۔ مریم نواز نے احمد رضا سے ان کی بیماری کے علاج کے بارے میں دریافت کیا اور مزید پوچھا کہ آپ پہلے کیسے چلتے تھے؟۔ احمد رضا نے بتایا کہ وہ واکرسٹینڈ کے ساتھ چلتا تھا۔ الیکٹر ک ویل چیئر ملنے سے آسانی سے چل سکوں گا۔ جنگلی حیات کے عالمی دن2024ء  پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بائیو ڈائیورسٹی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ماحولیاتی توازن لانے میں پنجاب حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔ سالٹ رینج کے علاقے میں پائی جانے والی جنگلی بھیڑ، چولستان کے تلور سے لے کر ڈولفن تک ہر طرح کی جنگلی حیات کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے سرگرم تنظیموں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن