نوازشریف 3، شہباز، بینظیر نے 2,2 بار وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا
اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) میاں محمد شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں منتخب وزیراعظم ہوں گے جو قومی اسمبلی ایوان کی سربراہی کریں گے۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہو گا کہ وہ مسلسل دوسری مدت کے لئے یہ عہدہ سنبھال رہے ہیں۔ اس سے قبل ان کے بڑے بھائی میاں نواز شریف تین بار اس منصب پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم لیاقت علی خان تھے جو 15 اگست 1947ء سے 16 اکتوبر 1951ء تک عہدے پر فائز رہے۔ ان کے بعد خواجہ ناظم الدین نے یہ عہدہ سنبھالا۔ ان کے بعد 17 اپریل 1954 کو محمد علی بوگرہ پاکستان کے وزیراعظم بنے۔ 11 اگست 1953 کو ہی چودھری محمد علی اس عہدے پر فائز ہوئے اور فرائض انجام دیتے رہے۔ 12 استمبر 1956 کو حسین شہید سہروردی اس منصب پر فائز ہوئے اور بطور وزیراعظم ذمہ داریاں نبھائیں۔ ان کے بعد یہ عہدہ ابراہیم اسماعیل چندریگر کو ملا جو 16 دسمبر 1957 تک وزیراعظم رہے۔ پھر ملک فیروز خان نون پاکستان کے ساتویں وزیراعظم بنے اور 07 اکتوبر 1958 تک ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔ ان کے بعد نورالامین پاکستان کے وزیراعظم بنے۔ 14 اگست 1973 کو ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ ان کے بعد محمد خان جونیجو وزارت عظمی کے عہدے پر فائز ہوئے۔ 12 دسمبر 1988 کو بینظیر بھٹو پاکستان کی گیارہویں وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ اس کے بعد 6 نومبر 1990 کو میاں نواز شریف پاکستان کے تیرھویں وزیراعظم بنے۔ 19 اکتوبر 1993 کو محترمہ بے نظیر بھٹو نے دوسری مرتبہ یہ عہدہ سنبھالا۔ 17 فروری 1997 کو میاں نواز شریف دوسری بار پاکستان کے وزیراعظم بنے۔ 23 نومبر 2002 کو میر ظفراللہ جمالی پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ 30 جون 2004 کو ان کی جگہ چودھری شجاعت حسین وزیراعظم بنے۔ 26 اگست 2004 کو شوکت عزیز کو اس منصب کے لئے قومی اسمبلی نے منتخب کیا۔ 25 مارچ 2008ء کو سید یوسف رضا گیلانی نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالا اور سپریم کورٹ سے نااہلی کے باعث ان کی جگہ پیپلزپارٹی کے ہی راجہ پرویز اشرف کو ایوان نے وزیراعظم منتخب کیا۔ 5 جون 2013 کو میاں نواز شریف تیسری مدت کے لئے پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ پانامہ کیس میں نااہلی کے باعث انہیں عہدے سے معزول کر دیا گیا جس کے بعد وزیراعظم کا منصب شاہد خاقان عباسی کو ملا۔ 18 اگست 2017 کو عمران خان وزیراعظم منتخب ہوئے اور 10 اپریل 2022 کو تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں انہیں عہدے سے محروم ہونا پڑا۔ ان کی جگہ میاں شہباز شریف نئے قائد ایوان منتخب ہوئے۔ پارلیمنٹ کی مدت مکمل ہونے پر انوارلحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم مقرر کیا گیا اور گزشتہ روز قومی اسمبلی ایوان نے میاں شہباز شریف کو پاکستان کا 24 واں وزیراعظم منتخب کر لیا۔