سندھ، بلوچستان وزراء اعلیٰ کی ملاقات، صدارتی الیکشن پر بات چیت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔ ایم پی ایز علی مدد جتک، ظہور علی بلیدی اور عبیداللہ گورگیج شامل تھے۔ جبکہ مراد علی شاہ کے ساتھ ناصر شاہ، شرجیل میمن، مکیش چاولہ، ضیاء الحسن لنجار موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے سرفراز بگٹی کو بلوچستان کا بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور گوادر میں فلاحی اقدامات سے متعلق اپنے ہم منصب سے بات چیت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے گوادر میں نکاسی آب کی سات مشینیں بھیجی ہیں۔ پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان پی ڈی ایم اے رابطے میں ہے کسی دیگر مشینری کی ضرورت ہوئی تو گوادر بھیجی جائے گی۔ گوادر میں گھروں سے پانی کی نکاسی اور بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ پی پی کے دونوں وزیراعلیٰ نے 9 مارچ کو صدارتی الیکشن سے متعلق بات چیت کی۔ دونوں نے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے صدر منتخب ہو جائیں گے۔ ملاقات میں امن و امان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزراء اعلیٰ نے اتفاق کیا کہ جلد دونوں صوبوں کی سرحدوں پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دونوں رہنماؤں نے سمگلنگ اور ڈرگ مافیا کے خلاف بھی مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔