یوٹیلیٹی سٹورز رمضان پیکیج کل سے شروع، چینی، آٹا، گھی پر مزید ریلیف نہ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) یوٹیلیٹی سٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کیلئے ساڑھے7 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج کل5 مارچ سے شروع ہو گا جسکی منظوری نگران کابینہ نے دی تھی۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں ساڑھے7 ارب روپے کے رمضان پیکج کے باوجود 3 بنیادی اشیا ذرائع کے مطابق چینی، آٹا اورگھی کی قیمتوں پر مزید ریلیف نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رمضان پیکچ کے تحت موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی۔ ذرائع نے بتایاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کیلئے چینی کی فی کلو قیمت 109 روپے برقرار رہے گی، آٹے کے 10کلو تھیلے کی قیمت 648 روپے اورگھی کی فی کلوقیمت 365 روپے برقرار ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی صارفین کیلئے چینی، آٹا اور گھی کی قیمت پہلے ہی کم ہے۔ ذرائع یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق موجودہ سبسڈی کے باعث قیمتیں مزید کم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یوٹیلٹی اسٹورزپررمضان پیکج کا اطلاق 4 کے بجائے 5 مارچ سے ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم کی تعیناتی کے باعث تاریخ میں ردوبدل کیا گیا، نگران کابینہ نے رمضان ریلیف پیکج 4 مارچ سے شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔