سرفراز بگٹی نے پہاڑوں سے واپس آنیوالوں کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیا
گوادر‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے گوادر کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کل تک گوادر کے ہر علاقے سے پانی نکال دیا جائے گا۔ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں، پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے ہیں۔ اہلیان گوادر نے اس مشکل وقت میں امدادی اداروں سے جس طرح تعاون کیا وہ قابل ستائش ہے۔ بارشوں اور سیلابی پانی سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا۔ نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو 20 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیرصدارت گوادر میں بارشوں اور سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے ضروری اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔ گوادر میں 187 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انتظامیہ متاثرین کی امدادی سرگرمیوں اور بحالی تک ہنگامی اقدامات جاری رکھے۔ سرفراز بگٹی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا بلوچستان میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال چیلنج ہے۔ بلاول بھٹو زرداری بھی بلوچستان کے مسائل پر سنجیدہ ہیں۔ ہم پہاڑوں پر جانے والوں کو واپسی کی دعوت دیتے ہیں۔ پہاڑیوں سے واپس آنے والوں کیلئے عام معافی کا اعلان کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کو بھی شکایت تھی کچھ علاقوں میں دھاندلی ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن نے جو بیان دیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن اپنے ڈیرہ اسماعیل سے ہار گئے۔ بلوچستان سے جیتے۔ سیلاب متاثرہ شہریوں کو 20 روز میں مالی مدد ان کے گھروں پر پہنچاؤں گا۔ پاک فوج نے اس بار بھی امدادی کارروائیوں میں بھرپور مدد کی۔ سرفراز بگٹی نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ نیوی کے دستے نے سلامی پیش کی۔