نگران حکومت کے 400 دن تعلیمی اداروں پر بھاری رہے: چوہدری سرفراز
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری سرفراز، رانا لیاقت، سعید نامدار نے کہا ہے کہ نگران حکومت پنجاب کے 400 دن سرکاری تعلیمی اداروں اور اساتذہ و ملازمین پر بھاری رہے ،تعلیمی اداروں کے دوروں کے دوران اساتذہ کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ،تنقید کے نشتر چلائے گئے ،سستی شہرت کے لیے ہر ضلع میں 20 سرکاری سکولوں کو ماڈل سکول بنانے کے بلند وبانگ دعوے کئے گئے جبکہ کسی ایک بھی سکول کو ماڈل نہ بنایا جایا سکا بلکہ سکولوں کو ملنے والے نان سیلری بجٹ میں کمی کر کے سکولوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ،تعلیمی اداروں کے مالی حالات اس قدر مخدوش ہیں کہ یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے لیے بھی فنڈز نہیں ،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تعلیمی اداروں کے نان سیلری بجٹ کے ساتھ ساتھ اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کی لیو انکیشمنٹ پر بھی شب خون مارا ۔پْرامن اساتذہ پر لاٹھی چارج اور انہیں گرفتار ، نظر بند کر کے تاریخ رقم کی۔ ان کا دورِ حکومت تعلیم ، اساتذہ اور ملازمین کے حوالے سے سیاہ ترین تھا۔ لہٰذا وزیر اعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ ہے کہ ناانصافیوں اور معاشی استحصال کا ازالہ کریں اورنان سیلری بجٹ میں کم از کم 3 گنا اضافہ کیا جائے ۔