پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد، پشاور آج مدمقابل، بڑے ناموں کو آؤٹ کرنا ہدف: عثمان طارق
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ9کے نویں ایڈیشن میں آج پیر کوواحد میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، میچ شام 7بجے شروع ہو گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اتریگی ، پشاور زلمی کو بابر اعظم لیڈ کریں گے ۔ویسٹ انڈیز کے بیٹر جانسن چارلس نے کراچی کنگز کیخلاف پاکستان سپر لیگ سیزن نو کے میچ سے قبل ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے سپنر عثما ن طارق نے کہاہے کہ خواہش ہے پی ایس ایل میں پاکستان کے بڑے ناموں کو آئوٹ کروں۔ رمضان میں عمر ایسوسی ایٹس کی جانب سے کھیلا جو خوش قسمتی کا سبب بنا، معلوم تھا کہ اگر ان کی جانب سے کھیل کر پرفارم کیا تو وہ سپورٹ ضرور کریں گے اور ایسا ہی ہوا ، سٹی کرکٹ میں ٹاپ کیا لیکن صرف سیکنڈ الیون کے ملے مگر فرسٹ کلاس نہیں کھلایا گیا۔ میرا جو بائولنگ ایکشن آج ہے ہمیشہ سے ہی ایسا تھا، گیند کی ڈیلیوری کے وقت جو ٹھہرائو ہوتا ہے تو اس سے نتیجہ بہتر ملتاہے، ایشون اور حفیظ بھی رکتے ہیں لیکن ذہن میں کبھی ان جیسا ایکشن کرنا نہیں تھا۔ ہر پلیئر کا خواب اور کوشش پاکستان کیلئے کھیلنا ہوتا ہے، بہت کم لوگ ہوتے ہیں جو کچھ نہ کھیلے پلیئرز پر بھروسہ کرتے ہیں، پی ایس ایل کوالٹی کرکٹ ہے یہاں کی پرفارمنس سب کی نظروں میں ہوتی ہے، پی ایس ایل میں پرفارم کرنا چھوٹی بات نہیں ہے۔ بڑے ناموں کی وکٹ لے کر ہمیشہ اعتماد ملتا ہے، خواہش ہے کہ پی ایس ایل میں پاکستان کے بڑے ناموں کو آئوٹ کروں، ویوین رچرڈز سے پوچھا تھا کہ سر پر بانسر لگنے کے بعد اگلی گیند پر چھکا کیسے مارا جاسکتا ہے۔ سر ویوین رچرڈز نے سمجھایا کہ کرکٹ میں کامیابی کیلئے حریف کا ڈر ختم کرنا ہوگا۔