ملک کی بہتری کیلئے نومنتخب حکمرانوں کو طرزعمل تبدیل کرنا ہو گا: زبیر ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ، ملی یکجہتی اور قومی اتحاد کی فضاء قائم کرنے کے لئے سب کو مثبت اور تعمیری سوچ اپنانا ہوگی۔ جب تک منفی اور انتقامی سیاست کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ملک میں یکجہتی اور قومی اتحاد کی فضا نہیں بن سکتی۔ عوام کی مایوسی اور ناامیدی ختم کرنے کے لئے ہر سطح پر نظر آنے والا عدل و انصاف ضروری ہے۔ خالی تقریروں، نعروں اور لفظوں سے عوام کا اعتماد بحال نہیں ہو سکتا۔ وہ آج اپنے مرکزی دفتر فردوس مارکیٹ گلبرگ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو تمام بحرانوں سے نکالنے کے لیے نئے منتخب حکمرانوں کو پرانا طرزِ عمل تبدیل کر کے عوام پر مہنگائی کے بم برسانے کی بجائے فضول خرچیاں ختم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھانے چاہیں۔ کیونکہ عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہرگز سکت نہیں۔ آخر میں انہوں نے نو منتخب وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اچھے کام کرے گی تو ہم بھرپور ساتھ دیں گے اور غلط روش اختیار کریں گے تو ان کی اصلاح کے لئے ہمیشہ کی طرح کلمہ حق کہنے کا فریضہ ہر صورت سرانجام دیتے رہیں گے۔