• news

مولاناپی ٹی آئی کا حصہ نہیں بنیں گے: رانا ثناء

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو 9 مئی واقعے سے چھٹکارا نہیں ملے گا۔ علی امین گنڈا پور کی  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نامزدگی ثبوت ہے یہ لوگ ملک میں فساد، فتنے کے علاوہ کچھ نہیں چاہتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ لوگ انتہائی احمق ہیں، فتنہ، فساد ان کی رگ رگ میں ہے، یہ لوگ کوئی بھلے کا کام نہیں کرسکتے۔ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات میں جو باتیں کیں اس پر میں کہہ سکتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی پالیسیوں کا حصہ نہیں بنیں گے۔ وزیر خزانہ سے متعلق فیصلہ شہباز شریف کریں گے۔ اسحاق ڈار دیانتدار  اور مخلص ہیں۔ مجھ سے ہاتھ ہونے والی کہانی سازشی تھیوری ہے۔ میرے مخالف کو 15،20 ہزار  ووٹ زیادہ پڑگیا  تو یہ لوگوں کی رائے ہے، میرے فارم 45 اور47 میں کوئی فرق نہیں۔ (ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ایک اور حکومت کا چانس لے رہی ہے جو کامیاب بھی ہوسکتا ہے  اور  ناکام بھی۔ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ (ن) لیگ پر  بھروسہ کرکے سادہ اکثریت دینا تھا۔ نواز شریف لیڈ کرتے تو  اگلے 2 سال میں پاکستان اس دلدل سے نکل جاتا۔

ای پیپر-دی نیشن