• news

صدارتی انتخاب زرداری اچکزئی کے کا غذات منظور شرےک چےئرمےن پی پی کا متحدہ سے رابطہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) صدارتی انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدارت کیلئے 2 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے والے امیدواروں کی فہرست آویزاں کر دی گئی۔ حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری اور اپوزیشن کے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ ریٹرننگ افسر نے باقی 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔ ملک میں قومی، صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ کے ارکان 9 مارچ کو صدارتی انتخاب میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔ جبکہ صدارتی انتخابات میں ووٹ کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے خالد مقبول کو ٹیلی فون کر کے ان سے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صدارتی الیکشن، سیاسی صورتحال اور سندھ کے معاملات پر بھی بات چیت کی۔ ذرائع نے بتایا آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے ووٹ کی درخواست کی جس پر خالد مقبول صدیقی نے انہیں یقین دہانی کرائی مشاورت کے بعد جلد جواب دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن