پنجاب میں پہلاکنسر ہسپتال بنانےکا اعلان, مریم نواز کا وحدت کالونی گرلزسکول کا اچانک دورہ
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ویلنشیا ٹاون کے قریب پنجاب کا پہلا کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ مریم نوازشریف نے کینسر ہسپتال کی مجوزہ سائٹ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلا فیز ایک سال میں مکمل کرنے، کینسر ہسپتال کے لئے دنیا بھر سے بہتر ین سپیشلسٹ ڈاکٹر بلانے اور مریضوں کے تیمارداروں کیلئے ہوٹل بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کیلئے جدید ترین سرکاری کینسر ہسپتال بنائیں گے۔ پہلے سرکاری ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ کینسر ہسپتال میں مریضوں کے علاج کیلئے بہترین ڈاکٹر اور جدید ترین مشینری لائیں گے۔ مریم نواز شریف نے کینسر ہسپتال کی سائٹ وزٹ کرنے کے بعد اچانک وحدت کالونی میں بغیر شیڈول گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری گرلز سکول کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خاموشی سے جاکر کلاس کی طالبات کے ساتھ بیٹھ گئیں جس پر سکول کی طالبات وزیر اعلی مریم نواز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر حیران اور خوش ہوئیں۔ آٹھویںکلاس میں اردو کا دوہرائی ٹیسٹ ہورہا تھا۔ مریم نواز شریف نے طالبات سے مضمون کے عنوان کے دریافت کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کم سن طالبہ نور فاطمہ کے ساتھ ڈیسک پر بیٹھ گئیں اور بات چیت کی۔ مریم نواز شریف نے خالی ریپر دیکھ کر بچیوں کو اپنا کلاس روم صاف رکھنے کی ترغیب دی اور کلاس ٹیچر کو ٹیسٹ اور تدریس کا کام جاری رکھنے کو کہا۔ طالبہ کی طرف سے درست جواب دینے پر وزیر اعلیٰ نے سراہا اور پیار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچیوں سے سکول میں درپیش مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا جس پر بچیوں نے لائبریری، لیب میں بہتری لانے اور سکول میں تقریبات کرانے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کلاس دہم کے بورڈ امتحانی مراکز کا بھی دورہ کیا اور انتہائی خاموشی سے امتحانی مرکز کا جائزہ لیا اور طالبات کو امتحان دیتے دیکھا۔ انہوں نے بچیوں کو ڈسٹر ب کرنے سے روک دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹھویں کلاس کے دوسرے سیکشنز کا بھی دورہ کیا۔ کلاس روم کے دروازوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے ا ور دیواریں سیلن زدہ تھیں۔ لائبریری، بیالوجی لیب اور سپورٹس روم کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سکول کے سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا اور اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بورڈ گیمز میں پوزیشن لینے والی کھلاڑی طالبات کے ساتھ فوٹو بنوائی اور انہیں آٹو گراف دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکول سٹاف کے کہنے پر گروپ فوٹو بنوایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکول کی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات درج کیے اور ہونہار طالبات سے ملاقات اور بات چیت کو خوش کن قرار دیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا قومی اسمبلی پہنچنے پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پُرتپاک خیر مقدم کیا۔ شہباز شریف نے مریم نواز شریف کو گلے لگا کر شفقت کا اظہار کیا اور تھپکی دی۔ بعدازاں محمد نواز شریف کی آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف نے استقبال کیا۔ محمد نواز شریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مریم نواز شریف سے شفقت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مریم اورنگزیب کے سر پر بھی دست شفقت رکھا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے لینڈ سلائیڈنگ سے مری میں7 گھر تباہ ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ مری کے متاثرہ خاندانوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ادھر مریم نواز شریف کی ہدایت پر ”سڑکیں بحال پنجاب خوشحال“ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھوٹی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیرومرمت وبحالی کے لئے ڈیڈ لائن دے دی۔ نئی اور پرانی روڈز پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ سسٹم کے لئے روڈز پر الیکٹرک کانٹا نصب کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب بھر کے روڈ برج پر رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز شریف نے 5اہم رابطہ سڑکوں پر ایکسپریس وے بنانے کا حکم دیا۔