سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی محتسب کا کردار قابل تحسین: گورنر
لاہور (خبر نگار) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کو محتسب پنجاب میجر اعظم سلیمان خان (ر) نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں دفتر محتسب پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ برائے سال 2023ءپیش کی۔ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور اور حکومت پنجاب کے انتظامی سربراہان سمیت محتسب آفس کے ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے صوبائی محتسب کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ محتسب پنجاب کا ادارہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا احسن طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے عوام کی مختلف اداروں سے متعلق شکایات کے حل کے لئے محتسب پنجاب کے ادارے کی مکمل ڈئجیٹلائزیشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے جیسے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محتسب پنجاب کے دفاتر کا دائرہ کار مختلف اضلاع تک بڑھانا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا قابل تعریف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبائی محتسب کے فیصلے اردو میں لکھے جاتے ہیں جسے سمجھنے کے لئے لوگوں کو آسانی ہوتی ہے اور اس کے لیے انہیں کسی وکیل کی ضرورت نہیں پڑتی۔ محتسب آفس نے اپنے فیصلہ جات کے ذر یعے لوگوں کو اربوں روپے کا ریلیف دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ محتسب آفس کی سالانہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے میجر اعظم سلیمان خان (ر) نے بتایا کہ سال 2023ءمیں کل 35139 شکایات موصول ہوئیں جبکہ نمٹائی گئی شکایات کی تعداد 35202 ہے، یوں موصول ہونے والی تمام شکایات کو نمٹا دیا گیا۔ محتسب پنجاب نے بتایا کہ عوامی شکایات پر موثرکارروائی کے نتیجے میں شکایت کنندگان اور حکومت کو مجموعی طور پر 22.504 بلین روپے کا ریلیف ملاجس میں سے 15.834 بلین روپے مالیت کی 26229کینال سرکاری اور نجی اراضی کو واگزار کروایا گیا جبکہ شکایت کنندگان کو حاصل ہونے والے مالی ریلیف کی کل مالیت 6.669 بلین روپیہ ہے۔