جھوٹ، بددیانتی، کرپشن، لوٹ مار سیاسی جماعتوں کا مستقل وتیرہ بن گیا:حافظ ادریس
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ زندگی ایک امانت ہے جو اللہ نے عطا فرمائی ہے۔ اللہ کا حکم ہے کہ اس کے راستے میں مسلسل جدوجہد کرو۔ ہمارا نصب العین اللہ کی رضا ہے اور اس کیلئے حق کا علم بلند رکھنے کا عزم ہمارا بنیادی فرض ہے۔ جھوٹ، بددیانتی، کرپشن، لوٹ مار اور اقرباپروری سیاسی جماعتوں کا مستقل وتیرہ بن گیا ہے۔ ان بدکردار لوگوں نے ہمارے باغ و بہار ملک کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ اپنی ذاتی خواہشات اور انا کیلئے ملک کے مفادات اور سلامتی کو ہمیشہ اس مافیا نے تباہ و برباد کیا ہے۔ ان کے مقابلے پر بے داغ کردار اور خدمت خلق کی بے مثال تاریخ کےساتھ جماعت اسلامی میدان میں ڈٹی ہوئی ہے۔ ملک میں بدعنوان سیاست دانوں اور کرپٹ بیوروکریسی نے اندھیر مچا رکھا ہے، ہم اس اندھیر نگری میں چراغ جلانے کا فریضہ ہمیشہ ادا کرتے رہیں گے۔ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکن کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔