• news

عمران سمیت پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کی رہائی کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماں اور اسیر صحافیوں کی رہائی کے لیے قرارداد پارلیمنٹ ہاس میں جمع کرادی۔ قرارداد سابق اسپیکر اسد قیصرنے دیگر رہنماں کے ہمراہ جمع کرائی۔ قرارداد میں عمران خان و دیگر پارٹی رہنماوں شاہ محمود قریشی، چوہدری پرویز الہی اور اعجاز چوہدری کے علاوہ صحافی عمران ریاض اور اسد طور کے خلاف غیرقانونی مقدمات ختم کرکے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ قبل ازیں رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان پر بنائے گئے مقدمات کو واپس لینے کے لیے قرارداد لارہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پر غیرقانونی مقدمات بنائے گئے چنانچہ ہم قرارداد جمع کروا رہے ہیں کہ عمران خان پر جتنے مقدمات ہیں وہ واپس لیے جائیں اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر گرفتار خواتین اور کارکنوں کو بھی رہا کیا جائے۔ اسد قیصر نے مزید بتایا کہ اگلے اجلاس میں ہم اس قرارداد کو پاس کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی واقعات کی ہمیشہ مذمت کی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ایک طرف ہم پر ظلم ہورہا ہے تو دوسری طرف مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔ رہنما تحریک انصاف نے متنبہ کیا کہ اگر ہمیں اپنا حق نہ ملا تو پھر سڑکوں پر احتجاج ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن