• news

شورش کی سیاست کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں: شجاعت 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ شورش کی سیاست کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں نظریہ پاکستان کے امین ہیں دھینگا مستی کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں ایسی سیاست اسلامیہ جمہوریہ پاکستان کو ڈی ریل کرنے کے مترادف ہے، یہ باتیں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ صوبہ سندھ کے صدر محمد طارق حسن، قائم مقام جنرل سیکرٹری نیاز حسین خاصخیلی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد صادق شیخ، کراچی ڈویژن کے صدر محمد جمیل احمد خان سے ملاقات کے موقع پر کیں، اس موقع پر چوہدری شافع حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ (ق) لیگ سندھ کے صدر طارق حسن نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق) سندھ کے 20 امیدواروں کو پیپلز پارٹی کے حق میں دستبرداری سمیت تنظیمی صورتحال سے آگاہ کیا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے وفاق و صوبہ سندھ کی حکومتوں میں مسلم لیگی فعال عہدیدران کو نمائندگی کی درخواست کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ فعال عہدیدران پارٹی کا اثاثہ ہوتے ہیں۔صوبہ سندھ میں بہت جلد حکومت سازی کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے رابطہ کرینگے چوہدری شجاعت حسین نے اس عزم کا دوبارہ اظہار کیا کہ حکومتی جماعتیں ملکی مفاد میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں میں پہل کریں اور حکومتی و اپوزیشن جماعتیں ملک و قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے میثاق معیشت ( چارٹر آف اکانومی) پر عمل کر لیں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے رہنماؤں نے الیکشن میں کامیابی پر سربراہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین کو مبارکباد دی اور سندھ کی روایتی سندھی ٹوپی اجرک اور گلدستے پیش کئے۔ محمد ندیم پہلوان بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن