لاہور:پنجاب کی بہادرانہ روایت پر 33ویں بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز
لاہور(کلچرل رپورٹر)ورلڈ پنجابی کانگریس کے زیراہتمام پنجاب کی بہادرانہ روایت کے موضوع پر 33ویں بین الاقوامی 3روزہ کانفرنس کا آج آغاز ہوا۔ چیئرمین ڈبلیو پی سی فخر زمان نے کلیدی خطاب کیاجبکہ پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس 3 روزہ کانفرنس میں بھارت، انگلینڈ اور کینیڈا سے 80 غیر ملکی مندوبین شریک ہیں۔ چیئرمین ڈبلیو پی سی فخر زمان نے افتتاحی خطاب میں مطالبہ کیا کہ لاہور میں پہلی پنجابی یونیورسٹی فوری طور پر قائم کی جائے اور پرائمری سطح پر پنجابی پڑھائی جائے۔ جناب سہج پریت سنگھ مانگٹ، نائب صدر انڈین چیپٹر ڈبلیو پی سی نے کہا کہ وہ مزید بین الاقوامی پنجابی کانفرنسوں کا اہتمام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی بہادرانہ روایت کے حوالے سے منعقد ہونے والی بہترین پنجابی کانفرنس تھی۔ شرکاءکی طرف سے ایک مختصر اسٹیج ڈرامہ تھا اور چند اشعار بھی سنائے گئے۔