لاہور:مساوات ،جآمع اور پائیدار مستقبل کے عنوان پر وائس چانسلرز کا نفرنس
لاہور ( لیڈی رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برگد کے اشتراک سے مساوات ،جامع اور پائیدار مستقبل کے عنوان پر وائس چانسلرز کا نفرنس نے اقلیتوں کے لئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2 فیصد اور ملازمتوں کے 5 فیصد کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی وائس چانسلرز کانفرنس میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے لحاظ سے پاکستان کمزور خطہ ہے جس سے ماحولیاتی نظام، غذائی تحفظ اور توانائی کو خطرات لاحق ہیں ،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور موثر فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیرنے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی بر داری سمیت تمام اقلیتیں ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستان کا آئین اور اسلام کی تعلیمات اقلیتوں کے انسانی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور وقار کے احترام اور تحفظ کے لیے نفرت اور تشدد کو فروغ دینے والے انتہا پسندانہ نظریات کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے پنجاب ایچ ای سی تمام جامعات میں بین المذاہب ہم آہنگی کی مہم چلارہا ہے جس کے تحت سیمینار ز منعقد ہورہے ہیں ۔اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کریں گے۔