20ترک کمپنیاں پنجاب میں کاروبار کر رہی ہیں:کونسل جنرل ترکیہ
لاہور (کامرس رپورٹر )ترکیہ کے کونسل جنرل درمش باشتو نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ کی 20بڑی کمپنیاں پنجاب میں کاروبار کر رہی ہیں۔ ترکیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزیدفروغ دے گا۔ ترکیہ پاکستان کے ساتھ 5بلین ڈالر ٹریڈکا اضافہ کرے گا جو ابھی صرف ایک بلین ڈالر ہے۔ ترکیہ کے لئے پاکستان میں انرجی، انفراسٹرکچر،کنسٹرکشن اور زراعت کے لئے شعبہ میں بڑی گنجائش موجود ہے۔پاکستان کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات مضبوط اور مزید جوائنٹ وینچر کئے جائیں گے۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز اور نائب صدر قرة العین نے کہاکہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اورکاروبار کو بڑھانے کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے، جس میں ٹیکسٹائل،زراعت، دواسازی اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ شامل ہے۔ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کے لئے صنعت و تجارتی سرگرمیوں کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔