ماتحت عدلیہ پنشن، الاؤنسز کیس، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ فیصلہ معطل کر دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ماتحت عدلیہ کو پنشن میں الاؤنسز شامل کرنے سے متعلق کیس، سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا اور معاملہ لارجر بنچ کی تشکیل کے لئے بھجوا دیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں قوانین کا درست جائزہ نہیں لیا، سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا اور معاملہ لارجر بنچ کی تشکیل کے لئے بھجوا دیا، کیس کی سماعت عید کے بعد دوبارہ ہو گی۔ لاہور ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی نے 2012ءمیں نوٹیفکیشن کے ذریعے ججز کی پنشن میں الاؤنسز کو شامل کرنے کا نوٹیفکیشن کیا تھا، پنجاب حکومت نے اپنے خط میں نوٹیفکیشن جاری کرنے پر اعتراض عائد کیا تھا، پنجاب حکومت کے خط کو ماتحت عدلیہ کے ججز نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ایڈمنسٹریشن کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دیا۔ پنجاب حکومت نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔