اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہوں گے، کئی حلقوں سے 90 فیصد ٹرن آٹ ملا: بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کہا ہے کہ خواتین کی نشستوں کے حوالے سے سندھ اور پشاور کی ہائی کورٹس میں جائیں گے۔ ہمیں عدلیہ سے امید ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ ہمارے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ سابق صوبائی وزیر تیمور خان جھگڑا اور رہنما تحریک انصاف بیرسٹر سلمان اکرم راجہ بھی موجود تھے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا ٹرائل جس طرح سے چل رہا ہے سب کے سامنے ہے، نیب کی جانب سے 4 گواہان پیش ہوئے اور دوسرے گواہ پر جرح جاری ہے۔ کیس کے تمام فائنل آرڈر کو ہائی کورٹ میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے کی کابینہ بن چکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے مشورہ ہوا ہے کہ ہمارے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہوں گے۔ بہت سے حلقوں سے ہمیں 90 فیصد ٹرن آ¶ٹ ملا اور ہمیں ہروایا گیا۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی بات سے تھوڑا اختلاف کرتا ہوں، یہ ففتھ جنریشن نہیں فرسٹ جنریشن والے اقدامات کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان، سندھ اور تمام صوبوں میں عجیب و غریب طریقوں سے نمبرز بدلے گئے، کچھ پولنگ سٹیشنز پر اتنے ووٹرز بھی نہیں تھے جتنے نمبرز بنا دیئے گئے۔