65لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکج ملے گا حق غرئب کی دہلےز پر پہنچانا ہے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پہلی تقریر میں عوام سے وعدوں کی تکمیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حلف کے بعد صرف 9 روز میں عوامی ریلیف کیلئے رمضان نگہبان پیکیج تیار کر لیا جس کے تحت 65لاکھ خاندانوں کو پیکیج ملے گا۔ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی گئی تو بہت سختی سے پیش آو¿ں گی۔ ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ رمضان میں پنجاب کے عوام کو اب قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔ ہمارا مقصد غریب کا حق اسے تکلیف دیئے بغیر اس کی دہلیز پر پہنچانا ہے۔ پنجاب کے تمام محکموں نے ٹاسک کے مکمل ہونے میں بھرپور ساتھ دیا۔ نگہبان رمضان پیکج کے تحت 90ہزار گھروں کو ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔ بی آئی ایس پی اور نادرا کے ڈیٹا کو کلپ کر دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں پنجاب حکومت ساڑھے 12 کروڑ عوام کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔ رمضان پیکیج کے ہیمپر میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایک ہیمپر میں 10 کلو آٹا، 2 کلو گھی، 2 کلو چینی، 2 کلو چاول اور 2 کلو بیسن ہے۔ اعلیٰ کوالٹی کا گھی، آٹا، چینی، چاول اور بیسن اس ہیمپر میں شامل کیا گیا ہے۔ کوالٹی کنٹرول کے لئے سورس پر لوگوں کو بٹھایا۔ غیر معیاری پراڈکٹ تیار کرنے والی چار ملوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ ہیمپرز کو کھول کر چیک کریں۔ ڈیلیوری میکنزم میں پی آئی ٹی بی نے بہت مدد فراہم کی۔ ڈیلیوری میکنزم مکمل طور پر ڈیجیٹائز ہے۔ پی آئی ٹی بی نے اس بارے میں ایک مخصوص ایپلی کیشن تیار کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ایم مریم نواز کے نام سے ہیلپ لائن 080002345 قائم کی گئی ہے۔ 72 گھنٹے میں عوام کی شکایات کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔ عوام کو ان بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیاءدستیاب ہوں گی۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 46 ہزار چھاپے مارے گئے، 4.2 ملین روپے کے جرمانے ہوئے، 133 ایف آئی آرز ہوئی ہیں اور 236 افراد گرفتار ہوئے۔ پرائس کنٹرول سے متعلق زیرو ٹالرنس ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے بھی ہوں گے، گرفتاریاں بھی ہوں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرائیکی کلچر ڈے پر سرائیکی زبان میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ”سرائیکی بھینڑیں اتے بھراویں کوں سرائیکی ثقافتی ڈینہوار دیاں نوں لکھ مبارخاں“۔ سرائیکی بہنوں اور بھائیوں کو سرائیکی ثقافتی دن کے حوالے سے ڈھیروں مبارک پیش کرتی ہوں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ثقافتی تنوع سے مہکتا گلدستہ ہے، سرائیکی ثقافت مہکتے گلدستے کا پھول ہے۔