دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی رینکنگ میں سوئٹزرلینڈ پہلے‘ آئرلینڈ دوسرے نمبر پر
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی سالانہ فہرست میں اس سال سوئٹزر لینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے جو گزشتہ برس اس منصب سے ایک نمبر پیچھے تھا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ نے پاسپورٹ رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بناتے ہوئے دوسرے سے پہلے نمبر پر آ گیا جس کے پاسپورٹ پر 176 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر آئرلینڈ ہے جس کے پاسپورٹ پر 175 ممالک میں ویزے کے بغیر جایا جا سکتا ہے۔ تیسرے نمبر پر پرتگال جب کہ چوتھے نمبر پر لگسمبرگ اور فن لینڈ ہیں۔ متحدہ عرب امارات جو گزشتہ برس نوماڈ کیپیٹلسٹ کی طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر تھا اس سال چھٹے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں 199 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان کا نمبر 195 ہے۔ یعنی کمزور ترین پاسپورٹس میں پانچویں نمبر پر۔ پاکستانی پاسپورٹ پر 46 ممالک میں ویزے کے بغیر جایا جا سکتا ہے۔