پنجاب18، خےبر پی کے میں 15رکنی کا بینہ نے حلف اٹھالیا
لاہور پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی پنجاب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں موجود تھیں۔ حلف اٹھانے والوں میں مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، عاشق حسین کرمانی، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان، سہیل شوکت بٹ، سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر، کاظم پیر زادہ، شافع حسین، رانا سکندر، بلال اکبر، فیصل ایوب، ذیشان رفیق، ملک صہیب احمد، شیرعلی گورچانی، رمیش سنگھ اروڑہ اور خلیل طاہر سندھو بھی شامل ہیں۔ دریں اثناءپنجاب کابینہ میں شامل وزراءکے ممکنہ قلمدان کے حوالے سے ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب کے پاس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ انوائرنمنٹ، جنگلات کی وزارتیں ہوں گی۔ عظمیٰ بخاری انفارمیشن اینڈ کلچر کی وزیر ہوں گی۔ عاشق حسین کرمانی کو محکمہ زراعت، کاظم پیر زادہ کو محکمہ آبپاشی، رانا سکندر حیات کو سکول ایجوکیشن، چودھری شافع حسین کو انڈسٹریز اینڈ کامرس، شیر علی گورچانی کو مائنز اینڈ منرل، رمیش سنگھ کو اقلیت، خلیل طاہر سندھو کو ہیومن رائٹس، خواجہ سلمان رفیق کو محکمہ خصوصی صحت، خواجہ عمران نذیر کو محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، ذیشان رفیق کو محکمہ بلدیات، صہیب برتھ کو محکمہ مواصلات کی وزارت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں خیبر پی میں 15 رکن کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی۔ گورنر غلام علی نے نامزد وزراءسے حلف لیا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور بھی حلف برداری تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں آئی جی اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ حلف اٹھانے والوں میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان، محمد عدنان، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینا خان، فضل شکور، نذیر احمد عباس، پختون یار، آفتاب عالم، خلیق الرحمن، سید قاسم علی شاہ، فیصل خان ترکئی، محمد ظاہر شاہ طورو شامل تھے۔