کاشتکار مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہوجائیں: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر اور بیرونی کمپنیوں کی بجائے ملک کی زمینیں چھوٹے کسانوں، زرعی گریجوایٹس، نوجوانوں میں تقسیم کی جائیں۔ جماعت اسلامی کسانوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتی ہے۔ جعلی کھاد، بیج اور ادویات بیچنے والوں کو پکڑ کر سزائیں دی جائیں، زرعی مداخل اور بجلی کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے۔ جعلی الیکشن میں انہی لوگوں کو مسلط کردیا گیا جو گزشتہ سات دہائیوں سے ملک لوٹ رہے ہیں، کاشتکار اپنے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے جمع ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاو¿الدین میں جے آئی کسان کے زیراہتمام کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، صدر جے آئی کسان سردار ظفر حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کو الیکشن ہرایاگیا مگر ہمارے حوصلے نہیں ہارے، ہم عوام میں موجود ہیں، ہمارا یقین ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، جماعت اسلامی اللہ کے دین کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، کسان اکٹھے ہوکر نکلیں، جماعت اسلامی ان کے ساتھ اسلام آباد میں پڑاو¿ ڈالے گی اور تمام مطالبات تسلیم کرائے گی۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں 79 ملین ایکڑزمین میں سے صرف 23 ملین آباد ہے، ہمیں خوراک درآمد کرنا پڑتی ہے، زرعی مشینری پر ٹیکسز عائد ہیں، کھاد بیج اور زرعی ادویات کی قیمتیں کسان کی پہنچ سے دور ہیں۔