قیصرہ کو سالک پر ایک لاکھ 31614 ووٹوں کی برتری، ٹمپرنگ تشویشناک: پرویز الٰہی
لاہور (خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قیصرہ الٰہی کو سالک حسین پر ایک لاکھ اکتیس ہزار چھ سو چودہ ( 131,614) ووٹ کی لیڈ حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویش ناک ہے۔ سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کے مطابق این اے 64 کے رزلٹ میں قیصرہ الٰہی نے ایک لاکھ تریسٹھ ہزار نو سو چھبیس 163926 ووٹ حاصل کیے۔ مخالف امیدوار سالک حسین کو صرف بتیس ہزار تین سو بارہ 32312 ووٹ ملے۔ گجرات، اٹک، تلہ گنگ، منڈی بہاو¿الدین سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا رزلٹ ٹمپر کر کے ہروایا گیا۔ عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوفناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ہماری مخصوص سیٹیں پی ڈی ایم میں تقسیم کرکے الیکشن کمیشن نے ظلم اور ناانصافی کی انتہا کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ اس ایشو پر عدلیہ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی سے براہ راست اور بامقصد بات چیت ہے۔ جعلی مقدمات اور پی ٹی آئی کے اصل مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر حکومت کی مفاہمت کی پیشکش کوئی معنی نہیں رکھتی۔ چیئرمین پی ٹی آئی واحد شخصیت ہیں جو ملک کو لیڈ کر سکتے ہیں۔ جعلی ووٹوں اور جعلی سیٹوں سے جعلی حکومت میں مصنوعی طور پر ہوا بھری جا رہی ہے۔ حکومت کے جعلی مینڈیٹ کا غبارہ بہت جلد پھٹ جائے گا۔ فارم 47 والے زیادہ دیر تک عوام کے مینڈیٹ پر قابض نہیں رہ سکیں گے۔ گجرات کے عوام اپنے مینڈیٹ کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اتوار کو عوام دھاندلی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے۔ جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں۔ اسمبلی میں لاڈلوں کی جھوٹی تقریریں عوام کے غصے کو کم نہیں کر سکتیں۔ موجودہ حکمران جعلسازی سے حکومت بنا کر بھی ذلیل ہو رہے ہیں۔ بانی تحریک انصاف اور پی ٹی آئی آج بھی پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے۔ پنجاب کی عوام پر تجربے بند کیے جائیں ہمارے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا لیں لیکن عوامی منصوبوں کو چلنے دیں۔ دریں اثناءاینٹی کرپشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میںپرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، جج ارشد حسین بھٹہ نے11 مارچ کو پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان میں چالان کی مکمل کاپیاں تقسیم کرنے کا حکم دے دیا۔