• news

نیوزی لینڈ کے وفد کا سکیورٹی پر اظہار اطمینان،کھلاڑی پاکستان کے مہمان:محسن نقوی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ سکیورٹی وفد نے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنیوالی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کردیا ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کے2رکنی سکیورٹی وفد جس میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیتھ ملز اور سکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن شامل تھے نے ملاقات کی جس میں کیوی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سکیورٹی پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں۔ کیوی ٹیم کےلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ کیوی سکیورٹی وفد نے کہاکہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کے دوران سکیورٹی انتظامات شاندار تھے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کر لیا،چیئرمین پی سی بی نے علی الصبح راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کےلئے سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو عالمی معیار کا سٹیڈیم بنانے کیلئے پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سٹیڈیم میں عارضی نشستوں کی بجائے مستقل نشستیں لگانے کا بندوبست کیا جائے اور گراﺅنڈ کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائے ۔ چیئرمین پی سی بی نے سٹیڈیم کے مختلف حصے دیکھے اور ضروری ہدایات دیں ۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے انہیں بریفنگ دی ، اس موقع پر چیف سلیکٹر وہاب ریاض بھی موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن