• news

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ: امیر بھٹی سبکدوش، جسٹس شہزاد آج حلف لیں گے 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے تین ججوں کی سپریم کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں تعیناتی کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی۔ نعیم اختر افغان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کو قائم مقام چیف جسٹس تعینات کردیا گیا۔ اس کے علاوہ جسٹس ملک شہزاد احمد کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کی منظوری بھی دے دی گئی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔
لاہور (خبر نگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ ان کی جگہ جسٹس ملک شہزاد احمد آج حلف لیں گے۔ نامزد چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے محمد امیر بھٹی کو گلدستہ دے کر رخصت کیا۔ اس موقع پر نامزد سینئر ترین جج شجاعت علی خان ، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ شیخ خالد بشیر و دیگران بھی موجود تھے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی تمام افسران اور سٹاف سے فرداً فرداً ملے۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی حلف برداری کی تقریب صبح ساڑھے آٹھ بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نامزد چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کا استقبال کیا جائے گا اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن